آگ بجھانے میں تاخیر بدترین گورننس کا نتیجہ، منعم ظفر

آگ بجھانے میں تاخیر بدترین گورننس کا نتیجہ، منعم ظفر

بدعنوانی نے ہر ادارہ کھوکھلا کر دیا،خمیازہ معصوم شہری بھگت رہے ہیںسانحے کے ذمہ داران کا تعین کرکے کارروائی کی جائے ،جائے وقوع کادورہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ودیگر کے ہمراہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے مقام کا دورہ کیا۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کراچی میٹروپولیٹن شہر ہے ، پاکستان کی معیشت کو چلانے والا میگا سٹی ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ 16گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ یہ واضح طور پر حکومتی ناکامی، انتظامی نااہلی، بدانتظامی اور بدترین گورننس کا نتیجہ ہے ۔ سوال یہ ہے کہ وہ کون سی غفلت اور کس کی نااہلی ہے جس کی وجہ سے 15سے 16گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایک بڑے شہر میں آگ بجھانے کے لیے ضروری کیمیکلز، کاربن ڈائی آکسائیڈ اور جدید فائر فائٹنگ سہولیات موجود نہیں تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اداروں کو جان بوجھ کر تباہ کیا گیا ہے ۔ بدعنوانی نے ہر ادارے کو کھوکھلا کر دیا ہے اور اس کا خمیازہ آج معصوم شہری بھگت رہے ہیں۔امیر جماعتِ اسلامی کراچی نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے ، پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالا جائے ، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس سانحے کے ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔منعم ظفر خان نے کہاکہ گل پلازہ کا سانحہ انتہائی دلخراش ہے ، ہم جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں