عمرکوٹ :گندم کا شدید بحران، آٹے کی قیمت 5200من ہوگئی
فی من گندم 4600روپے فروخت ہونے لگی،شہری پریشان ، نوٹس لینے کا مطالبہمبینہ طور پر ہزاروں بیگ دیگر اضلاع کو فروخت کرنے سے بحران پیدا ہوا ، ذرائع
عمرکوٹ (نامہ نگار) عمرکوٹ میں گندم کا بحران شدت اختیار کرگیا،آٹا 130روپے فی کلو فروخت ہونے لگا،محکمہ خوراک کے ضلعی افسران نے آٹا چکیوں کے ماہانہ کوٹہ میں کمی کرتے ہوئے مبینہ طور پر گندم کے ہزاروں بیگ دیگر اضلاع میں فروخت کر دئیے ۔تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ ضلع میں گندم کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے ، جس کے باعث آٹا کی فی کلو قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے ۔ گندم کے بحران اور آٹاچکیوں کے مقررکردہ گندم کے ماہانہ کوٹے میں کمی کی وجہ سے آٹا 130 روپے کلو اور 5200 روپے من کے حساب سے فروخت کیاجارہاہے ۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوچکاہے ۔ مارکیٹ میں فی من گندم 4600 روپے کے حساب سے فروخت ہورہی ہے ۔ اس صورتحال کے باوجود محکمہ خوراک کی جانب سے آٹاچکیوں کے مقررکردہ ماہانہ کوٹے میں کمی کرکے صرف 14 بیگ فی چکی مقررکردیئے گئے ہیں، جو انتہائی کم ہیں ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک کے افسر نے مبینہ طور پر بدنیتی کے تحت عمرکوٹ ضلع کے مختلف سرکاری گوداموں سے گندم کے 24 ہزاربیگ نکال کر ضلع ڈہرکی میں من پسندتاجرکو فروخت کردیئے ہیں۔ شہری حلقوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے اورآٹاکے نرخوں میں کمی لانے کامطالبہ کیاہے۔