میرپورخاص :ماروی، ماڈل ٹاؤنز گندگی کے ڈھیرمیں تبدیل
بدبو اور مچھروں نے زندگی اجیرن بنا دی، درخواست کے باوجود انتظامیہ نے نوٹس نہ لیااعلیٰ حکام فوری طور پرنوٹس لیں، مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاج پر مجبور ہوں گے ، مکین
میرپورخاص (بیورو رپورٹ)میرپورخاص کے ماروی اور ماڈل ٹاؤنز گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل، صفائی کے ناقص انتظامات نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ، گلی محلوں، سڑکوں اور خالی پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ بدبو اور مچھروں کی بھرمار نے شدید مسائل پیدا کر دیے ہیں ۔ علاقہ مکینوں محمد اسلم و دیگر کے مطابق وہ گزشتہ 6 ماہ سے اس سنگین صورتحال کے حوالے سے وزیر بلدیات سندھ، ٹاؤن چیئرمین اور متعلقہ یوسی چیئرمین کو تحریری درخواستیں دے چکے ہیں ، مگر تاحال کسی بھی ذمہ دار ادارے یا منتخب نمائندے نے نوٹس لینا بھی گوارا نہیں کیا ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ بارہا شکایات کے باوجود صفائی عملہ علاقے کا رخ نہیں کرتا ، جس کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے ۔
مکینوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے منتخب چیئرمین اور بلدیاتی نمائندے انتخابات کے بعد ووٹ لے کر غائب ہو گئے ہیں اور عوامی مسائل حل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل نہیں، گندگی کے باعث بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ماروی ٹاؤن اور ماڈل ٹاؤن میں فوری طور پر صفائی مہم شروع کی جائے ، مستقل بنیادوں پر کوڑا اٹھانے اور سیوریج کا نظام بحال کیا جائے اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے ، بصورت دیگر علاقہ مکین ٹاؤن چیئرمین اور یوسی چیئرمین کے خلاف سڑکوں پر احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہوں گے۔