میاں بیوی،نوجوان اور زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کی خودکشی
میرپورخاص، محراب پور، تھرپارکر (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) سندھڑی تھانے کی حدود گاؤں چاڑی منگلا کے قریب گھریلو تنازع پرمیاں بیوی 55سالہ راجو کولہی اور 50سالہ پریمی کولہی نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔۔۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ گھریلو جھگڑے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق متاثرہ خاندان کو معاشی مسائل کا سامنا تھا۔ مورو تھانے کی حدود گاؤں کالو خان سابقی میں ہدایت اللہ نامی نوجوان نے گھریلو مسائل سے دلبرداشتہ ہوکر مبینہ طور پر گولی مار کر خودکشی کرلی۔ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔چھاچھرو کے قریب مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے کے بعد خودکشی کی کوشش کے دوران زخمی ہونے والی 17 سالہ رنگو بھیل دوران علاج دم توڑ گئی۔4 روز قبل زیادتی واقعہ کے بعد خودکشی کی کوشش کرنے والی رنگو بھیل کو تشویشناک حالت میں حیدر آباد کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس نے واقعہ میں ملوث دونوں ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔