سانحہ گل پلازہ کرپشن و حکومتی نااہلی کا نتیجہ ،کاشف سعید
بیانات کے بجائے تحقیقات،ذمہ داروں کو عدالتی کٹہرے میں لایا جائے دلخراش واقعے نے کئی سوالات کھڑے کردیے ،امیرجماعت اسلامی سندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے گل پلازہ کی مارکیٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں اور اربوں روپے کے تجارتی نقصان پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے کرپشن و حکومتی نااہلی کا نتیجہ قراردیا اورحکومت سے مطالبہ کیا کہ محض بیانات کے بجائے واقعہ کی مکمل تحقیقات،ذمہ داروں کو عدالتی کٹہرے میں لایا جائے ۔ اس کے علاوہ متاثرین کی امداد وبحالی کے اقدامات اورآئندہ اس طرح کے دلخراش واقعات کے سدباب کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی جائے ۔گزشتہ روزاپنے بیان میں امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ گل پلازہ کا افسوس ناک واقعے نے شہرمیں حفاظتی اقدامات وہنگامی صورتحال میں اقدامات کے نظام پرکئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔قدرتی سانحے کے بعدجو حکومتی اداروں کو اقدامات کرنے چاہیں تھے وہ کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اورسب سے زیادہ ٹیکس دینے والے کراچی کی یہ صورتحال ہے توپھر سندھ کے باقی شہروں میں کیا حشر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمران اس درد کو محسوس نہیں کر سکتے ، شاید ان کے سینوں میں دل نہیں ۔صوبائی امیرنے دعا گو کی کہ اللہ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل دے ۔