وکیل اور دیگر پر حملے کا مقدمہ سیشن عدالت منتقل کرنے کی درخواست منظور
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے نومبر 2024 میں وکیل خواجہ شمس الاسلام اور دیگر پر حملے کے مقدمے کو سیشن عدالت منتقل کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے قرار دیا کہ فریقین کے درمیان ذاتی دشمنی کی بنیاد پر درج مقدمات انسداد دہشت گردی عدالت میں نہیں چلائے جا سکتے ۔ عدالت نے حکم دیا کہ مقدمہ سیشن کورٹ جنوبی منتقل کیا جائے اور کیس کا تمام ریکارڈ بھی سیشن عدالت جنوبی کو بھجوا دیا جائے ۔ مدعی مقدمہ کے مطابق 14 نومبر 2024 کو وہ ڈیفنس کے علاقے میں عشاء کی نماز پڑھ کر باہر نکلے تو ملزمان نے حملہ کردیا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ ملزم عمران گل اور دیگر نے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کو نیچا گرا کر دائیں بائیں سے فائرنگ کی۔ مدعی کے مطابق ملزمان نے خواجہ شمس الاسلام کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوگئے تھے ۔