حب کینال کے چینل پر نئے گیٹ کی تنصیب کا فیصلہ
شہر میں پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری اور استحکام متوقع ،واٹرکارپوریشن حب پمپنگ اسٹیشن آج عارضی طور پر 12گھنٹے کے لیے بندرہے گا،ترجمان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانے کے لیے حب کینال ریزروائر کے چینل پر نئے گیٹ کی تنصیب کا فیصلہ کرلیا۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق نئے گیٹ کی تنصیب کے لیے حب پمپنگ اسٹیشن کو عارضی طور پر 12 گھنٹے کے لیے بند رکھا جائے گا، جو 20 جنوری بروز منگل صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گی۔ اس دوران ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ مینٹی ننس کے دوران کرش پلانٹ ون اور ٹو کے ہائیڈرنٹس بھی عارضی طور پر بند رہیں گے ۔ ترجمان نے بتایا کہ اس کام کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 50 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جبکہ معمول کے مطابق شہر کو یومیہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔ تاہم، مینٹی ننس کے باوجود تقریباً 600 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ واٹر کارپوریشن حکام نے واضح کیا کہ پرانے گیٹ کی وجہ سے پانی کی ترسیل میں مسلسل رکاوٹیں پیدا ہو رہی تھیں، جس کے پیش نظر نئے گیٹ کی تنصیب ناگزیر ہو گئی تھی۔ نئے گیٹ کی تنصیب کے بعد شہر میں پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری اور استحکام متوقع ہے ۔ ترجمان نے ضلع غربی اور کیماڑی کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا باکفایت اور ذمہ دارانہ استعمال کریں۔