جامعہ کراچی کی قیمتی اراضی پر جاری قبضوں کا نوٹس

جامعہ کراچی کی قیمتی اراضی پر جاری قبضوں کا نوٹس

محکمہ جامعات کی ضلعی انتظامیہ کو فوری قانونی اور انتظامی کارروائی کی ہدایت زمین پر کم از کم دو پٹرول پمپ غیر قانونی طور پر قائم ہیں،ڈپٹی کمشنر کو خط

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ بورڈز و جامعات سندھ نے جامعہ کراچی کی قیمتی زمین پر جاری قبضوں کے خلاف سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو فوری قانونی اور انتظامی کارروائی کی ہدایت کر دی ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ کو باقاعدہ خط ارسال کیا گیا ہے ، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کے دائرہ اختیار میں آنے والی اراضی پر غیر قانونی تجاوزات کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔خط کے مطابق جامعہ کراچی کی زمین پر کم از کم دو پٹرول پمپ غیر قانونی طور پر قائم ہیں۔ یہ تجاوزات نہ صرف سرکاری زمین پر قبضے کے مترادف ہیں بلکہ اعلیٰ تعلیمی ادارے کے قانونی و انتظامی اختیار کو بھی چیلنج کر رہی ہیں۔

محکمہ بورڈز و جامعات نے ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی قبضوں کو فوری طور پر روکا جائے ، جامعہ کراچی کی زمین کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور اس معاملے پر پہلے سے کی گئی کسی بھی انکوائری کی رپورٹ جلد از جلد محکمہ کو ارسال کی جائے تاکہ مزید ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔تعلیمی اور انتظامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ خط اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ زمین پر قبضے کا معاملہ سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے ، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ آیا ضلعی انتظامیہ کارروائی کرے گی یا یہ معاملہ بھی فائلوں کی نذر ہو جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں