پولیس افسران کیخلاف توہین عدالت درخواست میں ترمیم کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے میر کرم علی تالپور روڈ کی بندش کے معاملے پر پولیس افسران کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست میں ترمیم کی ہدایت کر دی۔
سماعت کے دوران جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ایس ایس پی اور ایس ایچ او کو ذاتی حیثیت میں فریق بنایا جائے اور درخواست میں ان کے نام واضح طور پر تحریر کیے جائیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست کو عدالتی تقاضوں کے مطابق درست کیا جائے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے 16 جنوری 2024 کے حکم میں واضح طور پر قرار دیا تھا کہ اگر میر کرم علی تالپور روڈ پر تجاوزات ہوئیں تو ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او صدر اس کے ذمہ دار ہوں گے ، اس کے باوجود عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔درخواست گزار کے وکیل محمد منصف ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ میر کرم علی تالپور روڈ کی بندش کے باعث شہر میں 25 مختلف بسوں کے روٹس متاثر ہو چکے ہیں، جس سے روزانہ لاکھوں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔