حب کینال پر گیٹ کی تنصیب مکمل، پانی کی فراہمی بحال
کنٹرول گیٹ کی تنصیب سے پانی کے بہا ؤ میں بہتری آئے گی،واٹرکارپوریشن منصوبے کا بنیادی مقصد پانی کی منصفانہ اور موثر تقسیم کو یقینی بنانا ہے ،حکام
کراچی (این این آئی) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے حب کینال ریزروائر کے چینل پر نئے کنٹرول گیٹ کی کامیاب تنصیب کے بعد ضلع غربی اور کیماڑی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کر دی۔ واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ شہر کے پانی کی ترسیل کے نظام کو مضبوط اور جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ یہ کام سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی خصوصی ہدایات پر انجام دیا گیا، جس کے دوران ٹیمیں بلا تعطل کام کرتی رہیں تاکہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل ہو اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ۔
واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کی بروقت تکمیل میں فیلڈ ٹیموں، انجینئرز اور معاون عملے کی تکنیکی مہارت اور باہمی تعاون نمایاں رہا۔ نئے کنٹرول گیٹ کی تنصیب سے حب پمپنگ اسٹیشن سے پانی کے بہا ؤکے ضابطے میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداﷲ خان نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی منصفانہ اور موثر تقسیم کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اپ گریڈ سے ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی کی ترسیل کے نظام میں واضح بہتری آئے گی جبکہ پانی کے ضیاع پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ واٹر کارپوریشن کے حکام نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ طویل المدتی بنیادوں پر پانی کی فراہمی کے استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔