لیاقت آباد ٹاؤن کونسل کااجلاس ،متعدد قراردادیں منظور

 لیاقت آباد ٹاؤن کونسل کااجلاس ،متعدد قراردادیں منظور

ٹاؤن اور جامعہ کراچی کے درمیان بس سروس بحالی کے منصوبے کی منظوریاملاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کمپنی کی خدمات لی جائیں گی

 کراچی (این این آئی) چیئرمین لیاقت آباد ٹان فرازحسیب کی زیر صدارت کونسل کے عام اجلاس کاانعقاد کیاگیا۔اجلاس میں اہم قراردادوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں وائس چیئر مین اسحاق تیموری، میونسپل کمشنر دریا خان پتافی، اراکین ٹاؤن کونسل، کوآرڈینٹر صغیراحمد انصاری، کوآرڈینٹر انور جمال، ڈپٹی ڈائریکٹر کونسل ناصر خان و دیگر بلدیاتی افسر ان نے شرکت کی۔ اجلاس میں روداد کی منظوری کے ساتھ مختلف قرار دادیں پیش کی گئی جس میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کے آج کے اجلاس میں لیاقت آباد ٹاؤن کے کنٹریکٹ ملازمین کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد ادارے کے امور کو تسلسل کے ساتھ موثر انداز میں جاری رکھنا ہے۔

لیاقت آباد ٹاؤن اور جامعہ کراچی یونیورسٹی کے درمیان عوامی سہولت کے پیشِ نظر بس سروس کی بحالی کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اس اقدام سے طلبہ اور اساتذہ کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔لیاقت آباد ٹاؤن کی حدود اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے (بی ایس سی)سکیورٹی کمپنی سے سکیورٹی خدمات کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔ لیاقت آباد کی حدود میں سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کے لیے تدبر انسٹیٹیوٹ ریسورسز سے معاہدے کی منظوری دی گئی۔ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد بی ون ایریا میں عالمی معیار کا اسپورٹس کمپلیکس کے قیام کے لیئے (ڈی پی ام آئی) انٹرنیشنل کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کی اصولی منظوری۔ اجلاس میں پیش کی گئیں تمام قراردادیں اتفاقِ رائے سے منظور کی گئیں۔ چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن نے کہا کہ ٹاؤن میں شہری سہولیات کی بہتری، تعلیمی و اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں