نوابشاہ:ایڈزو دیگر متعدی امراض کی روک تھام ترجیح ، ڈپٹی کمشنر

نوابشاہ:ایڈزو دیگر متعدی امراض کی روک تھام ترجیح ، ڈپٹی کمشنر

تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا، صمد نظامانی ضلع میں قائم تمام بلڈ بینکس اور طبی مراکز کی سخت مانیٹرنگ کی جائے ، اجلاس

نواب شاہ (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت صحت عامہ، ایچ آئی وی/ایڈز کی روک تھام، خون کی محفوظ فراہمی اور طبی اداروں کی مؤثر نگرانی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں ہوا، جس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی نے کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز اور دیگر متعدی امراض کی روک تھام ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ضلع میں قائم تمام بلڈ بینکس اور طبی مراکز کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور غیر رجسٹرڈ یا غیر معیاری اداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے افسران اور ڈرگ انسپکٹر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ بغیر ایس او پیز اور غیر رجسٹرڈ میڈیکل سنٹرز، لیبارٹریز اور اتائیوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں مزید تیزی لائیں ۔ انہوں نے ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ میڈیکل اسٹورز کا دورہ غیر قانونی اور لائسنس کے بغیر چلنے والے میڈیکل سینٹرز کے خلاف کاروائی کریں۔ انہوں نے تمام نجی میڈیکل سینٹرز کے نمائندوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سینٹرز سے نکلنے والا فضلہ پی ایم سی اسپتال میں انسزسٹر کے ذریعے تلف کرائیں تاکہ پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کئے جاسکیں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خون کی اسکریننگ کے نظام کو مزید مؤثر اور ایچ آئی وی، ہپاٹائٹس بی و سی سمیت دیگر بیماریوں کی تشخیص کے لیے جدید طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں