گل پلازہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، گورنر، تاجروں کی دوسری ملاقات
حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر بحالی کے عمل کو یقینی بنائے گی،کامران ٹیسوری کی گفتگو
کراچی(اے پی پی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے کراچی چیمبر کے رہنما جاوید بلوانی اور گل پلازہ کے صدر تنویر پاستا نے وفد کے ہمراہ دوسری بار گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔بدھ کو گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران تنویر پاستا نے سانحہ گل پلازہ میں بروقت ریسکیو آپریشن اور موثر اقدامات پر گورنر سندھ کی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ نے نہایت مشکل حالات میں فوری اور عملی کردار ادا کیا، جس سے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں مدد ملی۔
انہوں نے گل پلازہ کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرنے پر بھی گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔گورنر سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر بحالی کے عمل کو یقینی بنائے گی۔اس موقع پر گورنر سندھ اور کراچی چیمبر کی جانب سے متاثرین کی بحالی، کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤکیلئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں، جن پر تنویر پاستا نے اصولی رضامندی کا اظہار کیا۔ملاقات میں رکن قومی اسمبلی ارشد وہرہ، رکن سندھ اسمبلی طحہ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔