چینی کمپنی کی صاف پانی منصوبوں میں تعاون کی پیشکش
صوبائی وزیر بلدیات سے وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار چینی کمپنی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، ناصر حسین
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبا ئی وزیر بلدیات ، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ سے چائنیز لنگ زی گروپ آف کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری ، سیکریٹری بلدیات ،ڈی جی کے ڈی اے اور سی ای او واٹر کارپوریشن بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران چائنیز کمپنی نے سندھ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
کمپنی نے صوبا ئی وزیر کو اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور کارگردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔کمپنی نے سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کے پلانٹ ، زیر زمین پانی کے قابل استعمال بنانے کے پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سندھ میں خوش آمدید کہتے ہیں ،سندھ حکومت آپ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے استعفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کو ہر شہر اور گاؤں میں پہنچانے پر کام ہورہا ہے ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ عوام کو تمام تر سہولتیں ان کی دہلیز تک پہنچانی ہیں صوبا ئی وزیر بلدیات ، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ صوبا ئی حکومت بلاول بھٹو کی ان ہدایت کو عملی جامہ پہنانے کی شب و روز کوشش کررہی ہے۔