حیدر آباد:بدین روڈ کی ابتر حالت پربس، منی بس یونین کوتشویش

حیدر آباد:بدین روڈ کی ابتر حالت پربس، منی بس یونین کوتشویش

جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے گاڑیوں کوشدید نقصان، ٹائر بھی جلدی ختم، یاسین بلوچابتر سیوریج نظام سے شاہراہ خراب، ٹریفک کنٹرول کیلئے اہلکار بھی تعینات نہیں، بیان

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)آل سندھ بس، منی بس اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہاشم خان اور صدر یاسین بلوچ نے بیان میں مصروف ترین شاہراہ بدین اسٹاپ روڈ کی انتہائی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے کہاکہ بدین اسٹاپ روڈ پر جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے گاڑیوں کو شدید نقصان کا سامنا ہے ، لاکھوں کے ٹائی راڈ شافٹ وغیرہ خراب ہونے سے ٹرانسپورٹرز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ،جبکہ ٹائر بھی جلد ختم ہو جاتے ہیں، ٹرانسپورٹرز نے اپنی مدد آپ کے تحت روڈ کو ہموار کرنے کی غرض سے ملبہ ڈلواکر درست کیا، روڈ خراب ہونے سے گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول ہے ، پولیس کا کوئی اہلکار ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے موجود نہیں ہوتا، ٹریفک پولیس وہاں اپنی دکان لگاکر کھڑی ہوتی ہے جہاں سے مبینہ بھتہ وصولی میں آسانی ہو، بدین اسٹاپ خستہ حال سڑک کی بار بار شکایت کرنے اور نشاندہی کے باوجود بلدیہ حیدرآباد اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بھاری ٹیکس وصول کرنے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دے رہی، جس سے ٹرانسپورٹرز سمیت شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ سیوریج کی ابتر صورتحال کی وجہ سے مین شاہراہ پر ہر وقت سیوریج کا پانی کھڑا رہنے سے ماحول پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں اور علاقے میں کاروباری سرگرمیاں بھی مانند پڑ رہی ہیں۔ انہوں نے شاہراہ کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں