حادثات نے 3جانیں لے لیں، پی پی رہنما کی گاڑی پرفائرنگ

حادثات نے 3جانیں لے لیں، پی پی رہنما کی گاڑی پرفائرنگ

نوڈیرو میں نزاکت جونیجو کی گاڑی نشانہ بنی، سکھر، محراب پور، کنڈیارو میں حادثات

سکھر، اندرون سندھ(نمائندگان)ٹریفک حادثات نے 3جانیں لے لیں، جبکہ نوڈیرو میں پی پی رہنما کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سکھر نیو بس ٹرمینل کے قریب تیز رفتار کوسٹر نے راہ چلتے چیزیں فروخت کرنے والے نوجوان مختار احمد ولد گل بہار چاچڑ کو کچل دیا، جس سے وہ موقع پر ہی فوت ہو گیا ، ڈرائیور کوسٹر چھوڑ کر خود فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ محراب پور میں کوٹری کبیر بس اسٹاپ پر کوچ کی زد میں آکر درویش نوجوان امین کمبوہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق نوجوان کوٹری کبیر کا رہائشی اور سماجی شخصیت جاوید کمبوہ کا بھائی تھا۔ جبکہ ٹھارو شاہ کے قریب حادثے میں بھی دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ کنڈیارو کے قریب گاؤں عبدالکریم منگریو (زنگی منگریو)میں سولر سے کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان رزاق منگریو جاں بحق ہو گیا۔ مقامی افراد کے مطابق سولر سسٹم کی تنصیب کے دوران حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث واقعہ پیش آیا۔ ادھر نوڈیرو میں پیپلز پارٹی رہنما نزاکت جونیجو کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، تاہم ان کا بھانجا محفوظ رہا۔ واقعہ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے ۔ پولیس کے مطابق واقعے کی این سی درج کر لی گئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں