ایس بی سی اے کے رولز نہ بنانے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
ادارہ ریگولیشنز پر چل رہا ، زمین رہائشی سے کمرشل کرنیکااختیار نہیں، وکیل درخواست گزار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے رولز مرتب نہ کرنے کے خلاف دائر آئینی درخواست کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار طارق منصور نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ انتہائی اہم نوعیت کا معاملہ ہے اور گل پلازہ کا واقعہ سب کے سامنے ہے جبکہ آج تک سرکاری حکام کی جانب سے اس درخواست پر کوئی جواب جمع نہیں کروایا گیا۔ طارق منصور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آرڈیننس 1979 میں آیا تھا تاہم آرڈیننس آنے کے بعد سے اب تک ایس بی سی اے کے باقاعدہ رولز مرتب نہیں کیے گئے اور اتھارٹی کو محض ریگولیشنز کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے ۔ سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ریگولیشنز بنائے جا چکے ہیں اور درخواست گزار یہ واضح کریں کہ انہیں ان ریگولیشنز پر کیا اعتراض ہے، جس مخصوص رول یا ریگولیشن پر اعتراض ہے ، اس کے خلاف علیحدہ درخواست دائر کی جائے ۔ وکیلِ درخواست گزار نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ ایس بی سی اے کو اراضی کو رہائشی سے کمرشل کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں ہے ۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔