شہید حکیم محمد سعیدخدمتِ خلق کا روشن نمونہ تھے ،سعدیہ راشد

شہید حکیم محمد سعیدخدمتِ خلق کا روشن نمونہ تھے ،سعدیہ راشد

سادگی، قناعت اور کفایت شعاری ایمان کی خوبصورتی ہے ، اجلاس سے خطابحکیم محمد سعید کی زندگی سنتِ رسولؐ کا عملی نمونہ تھی، سلمان احمد صدیقی

کراچی(سٹی ڈیسک)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کی تاریخ میں کسی ایسی شخصیت کی تلاش کی جائے جو علم، تحقیق، خدمتِ خلق اور اعلیٰ کردار کا روشن نمونہ ہو تو شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعیدؒ کا نام نمایاں نظر آتا ہے ۔یہ بات انہوں نے ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ ہمدرد نونہال اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سعدیہ راشد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حکیم محمد سعیدکو عزت، شہرت اور وسائل عطا کیے ، وہ وفاقی وزیرِ صحت اور گورنر سندھ جیسے اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہے مگر اس کے باوجود انہوں نے کبھی نمود و نمائش یا دکھاوے کی زندگی اختیار نہیں کی۔ ان کا لباس، خوراک اور طرزِ زندگی انتہائی سادہ تھا۔انہوں نے نونہالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دور غیر ضروری اخراجات، مہنگے کپڑوں اور دکھاوے کی دوڑ کا دور ہے جس کا نتیجہ خوشی کے بجائے ذہنی دباؤ اور بے چینی کی صورت میں نکلتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سادگی، قناعت اور کفایت شعاری کی بہترین مثال ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ؐ کی سیرتِ مبارکہ ہے جنہوں نے سادہ زندگی اختیار فرمائی اور ہمیں یہ درس دیا کہ سادگی ایمان کی خوبصورتی ہے ۔مہمانِ خصوصی سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان سلمان احمد صدیقی نے کہا کہ حکیم محمد سعیدؒ ایک آفاقی شخصیت تھے ،وہ طب، علم، تحقیق اور خدمتِ انسانیت کا حسین امتزاج تھے ،ان کی زندگی سنتِ رسول ؐکا عملی نمونہ تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں