ہیڈ ماسٹر ہلاکت کیس:4پولیس افسران کی ضمانت مسترد
سانگھڑ کی سیشن کورٹ کافیصلہ سنتے ہی ایک ملزم فرار، دیگر کی کوشش ناکامایف آئی اے نوابشاہ نے گلشیر چانڈیو، الہ بچایو پنہور اور مختار راجپوت کو پکڑ لیا
شہدادپور (نامہ نگار) 3ماہ قبل پولیس حراست میں ہلاک ہونے والے ہیڈ ماسٹر جام عزیز جکھرو کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، سیشن جج عدالت نے 4پولیس افسران کی ضمانت مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق سیشن جج سانگھڑ کی عدالت نے شہدادپور پولیس کی حراست میں جاں بحق ہونے والے جام عزیز جکھرو کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے ایڈیشنل ایس ایچ او تنویر جٹ، اے ایس آئی گلشیر چانڈیو، ہیڈ محررمختار راجپوت اور ڈیوٹی انچارج الہ بچایو پنہور کی ضمانت مسترد کر دی، ضمانت مسترد ہونے کے بعد ملزمان عدالت سے فرار ہوگئے۔
تاہم ایف آئی اے نوابشاہ نے گلشیر چانڈیو، الہ بچایو پنہور اور مختار راجپوت کو گرفتار کرلیا، جب کہ ایک اہلکار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واضح رہے کہ ہیڈ ماسٹر جام عزیز جکھرو پولیس حراست میں تشدد کے دوران جاں بحق ہو گئے تھے ، جس پر ایف آئی اے نے 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جن میں سے ایس ایچ او شبیر دلوانی ضمانت پر ہیں، 2 اہلکار رفیق اجن اور نور علی لاکھو سانگھڑ جیل میں ہیں، باقی 3 پولیس اہلکار محرم زرداری، امان اللہ ساند اور گلو زرداری روپوش ہیں۔