گل پلازہ:متاثرہ تاجروں کے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے ، سکھر چیمبر
بیشتر کی اپنی دکانیں نہیں تھیں، کرائے پرلیکر سرمایہ لگایا، جمع پونجی ڈوب چکیمتاثرین میں خواتین موجود، حکومت خصوصی مالی پیکیج کا اعلان کرے ، اجلاس
سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرستِ اعلیٰ وقار محمود خان، صدر محمد خالد کاکیزئی، سینئر نائب صدر امیت کمار، نائب صدر ملک محمد اویس رئیس، سابقہ صدور، اراکینِ مجلس انتظامیہ اور سیکریٹری جنرل نے سانحہ گل پلازہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس المناک واقعے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد تاجر برادری سے تعلق رکھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ تاجروں میں بڑی تعداد ایسے تاجروں کی ہے جن کی دکانیں ذاتی ملکیت نہیں تھیں بلکہ وہ کرائے پر کاروبار کر رہے تھے ۔ ان کرائے دار تاجروں نے اپنی جمع پونجی لگا کر کاروبار قائم کیا تھا، اور آج وہ مکمل طور پر بے سروسامان ہو چکے ہیں اور تمام تر تاجر تو زیرو لیول پر آ گئے ہیں، جہاں نہ صرف مال و اسباب بلکہ برسوں کی محنت بھی ملبے تلے دب گئی ہے۔
چیمبر کے عہدیداران نے مزید کہا کہ متاثرین میں بے شمار خواتین بھی شامل ہیں جو اپنی دکانیں خود چلا رہی تھیں اور اس کاروبار سے اپنے گھروں کا چولہا جلا رہی تھیں۔ جن دکانداروں کی دکانیں اپنی ملکیت میں تھیں، انہیں کسی نہ کسی صورت میں جائیداد واپس ملنے کی امید ہوگی، مگر وہ تاجر جو کرائے پر بیٹھے تھے ، ان کا سرمایہ، مال اور ذریعہ معاش سب کچھ ختم ہو چکا ہے ،سکھر چیمبر حکومتِ سندھ سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تمام متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا فوری اور شفاف تخمینہ لگائے اور ان کے ازالے کے لیے خصوصی مالی پیکیج کا اعلان کرے ۔