ایم ڈبلیو ایم کا پیس بورڈ میں شمولیت کے خلاف احتجاج

 ایم ڈبلیو ایم کا پیس بورڈ میں شمولیت کے خلاف احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلسطین کے حوالے سے قائم کردہ نام نہاد پیس بورڈ میں پاکستان حکومت کی شمولیت کے خلاف سندھ بھر میں جمعہ نماز کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

 مظاہرین نے نماز جمعہ کے بعدریلیاں اور احتجاج مظاہروں میں حکومتی فیصلے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کے حق میں اور امریکی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔شہر قائد میں خوجا جامع مسجد کھارادر کے باہر مظاہرے سے خطاب میں حیات عباس نجفی نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا نام نہاد پیس بورڈ دراصل مظلوم فلسطینی عوام کی جدوجہد کو کمزور کرنے کی ایک سازش ہے ، جس کا مقصد اسرائیلی جارحیت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔غزہ ایک کھلی جیل بن چکا تھا، جہاں فلسطینی عوام پر ظلم، نسل کشی اور تباہی مسلط کی گئی، اور ان کی مزاحمت ایک جائز حق ہے۔

پاکستان نے پارلیمنٹ اور عوام کو اعتماد میں لیے بغیر اس عمل میں شمولیت اختیار کر کے اپنی ساکھ اور قومی وقار کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔رہنماوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور اسے امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرنے والے کسی بھی فورم کا حصہ نہیں بننا چاہیے ۔حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لیا جائے اور فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کا تاریخی اور اصولی مؤقف برقرار رکھا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں