اپوزیشن کا میئر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان
سانحہ گل پلازہ کی مکمل ذمہ داری میئر اور سندھ حکومت کی ہے ،سیف الدین کمشنر کی رپورٹ بوگس قرار ،سینئر جج سے شفاف انکوائری کرانے کا مطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب شہر میں جنازے اٹھ رہے تھے ، میئر صاحب اسلام آباد میں کافی پی رہے تھے اور پھولوں کی نمائش کا افتتاح کر رہے تھے ۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر پیپلزپارٹی کی حکومت نے میئر کو برطرف نہ کیا تو اپوزیشن ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے گی۔جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ گل پلازہ کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے ، لیکن حکمران طبقہ عوامی دکھوں سے بے نیاز نمائشوں میں مصروف ہے ۔ پے در پے سانحات کے بعد کراچی والے یہ سمجھنے پر مجبور ہیں کہ اس شہر کا کوئی والی وارث نہیں۔
شہر جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر ہے ۔آگ لگنے پر فائر بریگیڈ غائب ہو تو اسے حکومت کیسے مانا جائے ؟۔ انہوں نے کمشنر کراچی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو خود غفلت کا مرتکب ہو، وہ انکوائری کیسے کر سکتا ہے ؟۔ انہوں نے کمشنر کی رپورٹ کو بوگس قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ یا عدلیہ کا کوئی سینئر جج اس واقعے کی شفاف انکوائری کرے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گل پلازہ سانحہ کی مکمل ذمہ داری میئر کراچی اور سندھ حکومت کی ہے ۔