ایئرپورٹ خودکش حملہ کیس ،ڈپٹی کمشنر خضدار کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشتگردی عدالت نے ایئرپورٹ خودکش حملہ کیس کی سماعت کے دوران مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ مکمل نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خضدار کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
جیل حکام نے گرفتار ملزمان جاوید اور گل نسا کو عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مفرور ملزمان کی جائیدادوں سے متعلق معلومات کے حصول میں ضلعی انتظامیہ تعاون نہیں کر رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 88 کی کارروائی کے تحت ڈپٹی کمشنر خضدار سے مفرور ملزمان کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں، تاہم متعدد یاددہانیوں کے باوجود تاحال کوئی رپورٹ فراہم نہیں کی گئی۔ تفتیشی افسر کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاخیر کے باعث قانونی کارروائی متاثر ہو رہی ہے اور مفرور ملزمان کے خلاف کارروائی میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے ۔ عدالت نے رپورٹ نامکمل ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خضدار کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ یہ نوٹس کمشنر خضدار کے ذریعے ڈپٹی کمشنر خضدار کو ارسال کیا جائے۔