معاشی دارالحکومت لاوارث، حکمران تماشائی ہیں، ایم کیو ایم
پانی بجلی سڑکیں غائب، کراچی بحران کی آخری حد پر پہنچ چکا ہے ، مرکزی کمیٹیکے الیکٹرک کی بے لگام لوڈشیڈنگ نے زندگی اور کاروبار کو مفلوج کر دیا ،بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ مرکزی کمیٹی نے مرکز بہادرآباد سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا اور معاشی حب کراچی شدید شہری بلدیاتی اور انتظامی بحران کی لپیٹ میں آچکا ہے جہاں کروڑوں شہری بنیادی سہولیات سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ٹوٹی سڑکیں ابلتے گٹر پینے کے پانی کی قلت کچرے کے انبار طویل لوڈشیڈنگ اور ناکارہ ٹرانسپورٹ سسٹم روزمرہ زندگی کو اذیت ناک بنا چکا ہے ، جبکہ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے ، اراکینِ مرکزی کمیٹی نے کہا کہ یہ بحران محض بدانتظامی نہیں بلکہ دانستہ نظرانداز اور جانبدارانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
کراچی ملک کی معیشت میں سب سے زیادہ حصہ ڈالنے کے باوجود اپنے آئینی مالی اور انتظامی حقوق سے محروم ہے ، واٹر اینڈ سیوریج کا نظام زمین بوس ہو چکا ہے شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں کے الیکٹرک کی بے لگام لوڈشیڈنگ نے گھریلو زندگی اور کاروبار دونوں کو مفلوج کر دیا ہے جبکہ بلدیاتی اداروں کو دانستہ طور پر بااختیار نہ بنا کر شہر کو یرغمال بنایا گیا ہے ، اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں مگر عوام کے لئے کوئی ریلیف موجود نہیں، پارٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر فوری طور پر کراچی کے بنیادی مسائل حل نہ کیے گئے تو اس پرعوامی ردعمل ناگزیر ہو گا جس کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہو گی۔