میئر کا ٹینڈرنگ الزامات پر نوٹس، جامع انکوائری کا حکم
میونسپل کمشنر کو غیرجانبدارانہ جائزہ لینے کی ہدایت،رپورٹ3دن میں طلببدعنوانی پرکارروائی، بے بنیاد الزام ثابت ہونے پر حقائق ریکارڈ پرلانے کا عزم
کراچی (اسٹاف پورٹر)میئربیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بلدیہ عظمیٰ کے بعض افسران کے خلاف لگائے گئے الزامات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے جامع انکوائری کا حکم دیدیا ۔ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات اور شکایات کو اہم قرار دیتے ہوئے میئر نے اس بات پر زور دیا کہ ٹینڈرنگ اور بولی کے عمل میں شفاف ور مسابقتی نظام کو یقینی بنانا میٹروپولیٹن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ میرٹ، انصاف اور ادارہ جاتی ساکھ کو برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ خریداری کے عمل کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کیلئے تفصیلی انکوائری شروع کر دی گئی۔
میئر نے میونسپل کمشنر کے ایم سی سمیرا حسین کو ہدایت کی کہ وہ ٹینڈرنگ، بولی اور خریداری سے متعلق تمام طریقہ کار کا جامع اور غیرجانبدارانہ انداز میں جائزہ لیں،بروقت کارروائی اور جلد فیصلے کو یقینی بنانے کیلئے میونسپل کمشنر کو ہدایت دی گئی کہ وہ تین دن کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ رپورٹ میں واضح نتائج، حقائق پر مبنی تجزیہ اور شفافیت کو مزید مضبوط بنانے اور کے ایم سی کے ادارہ جاتی نظام میں بہتری کے لیے سفارشات شامل ہوں گی۔مزید برآں میئر نے یقین دہانی کرائی کہ اگر کوئی فرد قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی یا بدعنوانی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاہم اگر الزامات بے بنیاد ثابت ہوئے توحقائق ریکارڈ پر لائے جائیں گے ۔