سندھ حکومت کا عالمی ادارے سٹی اینڈ گلڈز سے اہم معاہدہ

سندھ حکومت کا عالمی ادارے سٹی اینڈ گلڈز سے اہم معاہدہ

ہنرمندوں کو یورپ،مشرقِ وسطیٰ کی مارکیٹ میں ملازمتیں ملیں گی، اسماعیل راہوٹیکنیکل طلبہ کو آئی ٹی، اے آئی اور انجینئرنگ کی عالمی اسناد دی جائینگی،صوبائی وزیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے لاکھوں ہنرمند نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے عالمی ادارے سٹی اینڈ گلڈز کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کر لیا ہے ۔وزیر جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے ، جس کے باعث سندھ کے نوجوانوں کیلئے عالمی روزگار کے دروازے کھل گئے ہیں۔اس سلسلے میں سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور جی ای ایم ایس پاتھ ویز کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کی تقریب سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سیکریٹری جامعات عباس بلوچ، ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین مشرف علی راجپوت سمیت صوبے کے مختلف تعلیمی بورڈز کے چیئرمین اور جی ای ایم ایس پاتھ ویز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا وژن نوجوانوں کو صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ انہیں ایسا ہنر فراہم کرنا ہے جس کی دنیا بھر میں مانگ ہو۔انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت فنی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو یورپ، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور سعودی عرب میں روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہونگے ۔ وزیر جامعات نے مزید کہا کہ جی ای ایم ایس پاتھ ویز کامیاب طلبہ کو متعلقہ ممالک کی لیبر مارکیٹ میں جگہ دلوانے کیلئے بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ اب سندھ کے ٹیکنیکل طلبہ کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ کے شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اسناد فراہم کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں