باغِ جناح میں چھٹے میری گولڈ فلاور شو کا افتتاح
ایک لاکھ سے زائد مختلف اقسام کے پھول اور پودے نمائش کیلئے رکھے گئے کراچی کو سبزہ زاروں کا شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے باغِ جناح فریئر ہال میں تین روزہ چھٹے سالانہ میری گولڈ فلاور شو کا باقاعدہ افتتاح کردیا، اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کو پھولوں اور سبزہ زاروں کا شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور ماحول کی بہتری ان کی ترجیحات میں شامل ہے ،تین روزہ فلاور شو میں ایک لاکھ سے زائد مختلف اقسام کے پھول اور پودے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں جن میں میری گولڈ سمیت ایک لاکھ 12ہزار پھول شامل ہیں جو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی نرسری میں تیار کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پارکس کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے جبکہ شہریوں میں پودوں اور درختوں کی اہمیت سے متعلق شعور بیدار کرنا فلاور شو کا بنیادی مقصد ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں اربن فاریسٹ اور شجرکاری کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، آئندہ دنوں میں شہر کے ساتوں اضلاع میں پھولوں کی نمائش کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے نیم، برگد، گلِ مور، چیکو، بادام، امرود اور دیگر موسمی پھولوں اور پودوں کی شجرکاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکول انتظامیہ کو چاہیے کہ بچوں کو شجرکاری کی افادیت سے آگاہ کریں اور پودوں کی دیکھ بھال میں کے ایم سی محکمہ پارکس کا ساتھ دیں، دس سے بارہ سال میں یہی پودے درخت بن کر ماحول کو بہتر بناتے ہیں۔