ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار میاں ، بیوی اور بچہ جاں بحق

 ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار میاں ، بیوی اور بچہ جاں بحق

متاثرہ فیملی رنچھوڑ لائن کی رہائشی تھی، سکندر ماڑی پور کی جانب جانے والی سڑک پر رانگ وے آرہا تھا،گاڑی سے ٹکرہوئی ذمہ دار ڈرائیور اور گاڑی کی تلاش جاری ،کورنگی میں گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خاتون چل بسی،شوہر سمیت 3زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) کیماڑی گیٹ نمبر 17 کے قریب ٹریفک حادثے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار فیملی جاں بحق ہوگئی جاں بحق افراد میں میاں،بیوی اور دو سالہ بچہ شامل ہیں جاں بحق افراد کی شناخت 25 سالہ سکندر،22 سالہ سکینہ اور دو سالہ قاضیان کے ناموں سے ہوئی متاثرہ فیملی رنچھوڑ لائن کی رہائشی تھی، پولیس کے مطابق متاثرہ فیملی ماڑی پور پر قائم مزار سے اپنے گھر رنچھوڑ لائن جارہی تھی کہ گیٹ نمبر 17 کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ ماڑی پور سے آئی سی آئی پل کی جانب جانے والی سڑک پر ٹریفک کا دباؤ تھا،سکندر ماڑی پور کی جانب جانے والی سڑک پر رانگ وے آرہا تھا۔

مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار گاڑی سے موٹر سائیکل ٹکرائی جس سے حادثہ ہوا سکندر صدر میں ایم مارکیٹ میں گارمنٹس کی خریدوفروخت کا کام کرتا تھا تاہم لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے کردیا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور اور گاڑی کی تلاش جاری ہے ۔ کورنگی باغ کورنگی مزار کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر حادثے میں بائیک سوار خاتون جاں بحق جبکہ متوفیہ کے شوہر سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جاں بحق خاتون کی شناخت 45 سالہ شبانہ زوجہ سلیم احمد کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 50 سالہ سلیم احمد،20 سالہ نعمان اور 20 سالہ شہزاد شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والی گاڑی اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

مزید برآں جمعرات کی شام گلشن معمار تھانے کے علاقے ناردرن بائی پاس افغان کیمپ بستی کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والا کمسن بچہ جمعے کو جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 8 سالہ سفیان ولد سیف الرحمان کے نام سے کی گئی ، گلشن معمار پولیس کے مطابق جس مسافر کوچ نے بچے کو ٹکر ماری تھی۔اس مسافر کوچ کو قبضے میں لیکر اس کے ڈرائیورکوگرفتار کرلیا گیا ہے ۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کے لواحقین بچے کی تدفین کے بعد تھانے آئیں گے جن کی مدعیت میں حادثے کا باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں