سول ڈیفنس کی انتظامی بد حالی سامنے آگئی
صوبائی دفتر میں عملہ کم جبکہ آوارہ کتوں کی تعداد زیادہ ہے ،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر موجود ،ڈائریکٹر آفس کچن اور اسٹور روم میں تبدیلحیران کن طور پر دفتر میں آگ بجھانے کے لیے فائر فائٹنگ آلات نصب نہیں ،42 افراد پر مشتمل اسٹاف کی منظوری صرف 9 کام کر رہے تھے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ گل پلازہ کے بعد سول ڈیفنس کے دفتر کی حقیقت بے نقاب ہوگئی ، دفتر میں عملہ کم جبکہ آوارہ کتوں کی تعداد زیادہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سانحہ گل پلازہ کے بعد سول ڈیفنس سندھ کی ناقص کارکردگی اور انتظامی بدحالی کھل کر سامنے آ گئی ہے ۔واقعے کے بعد سول ڈیفنس کے دو افسران کو سب سے پہلے معطل کیا گیا، تاہم نجی ٹی وی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ صوبائی سول ڈیفنس کا مرکزی دفتر خود زبوں حالی کی تصویر بنا ہوا ہے ۔کراچی میں واقع سول ڈیفنس سندھ کا دفتر اس وقت بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہا ہے اور دفتر میں عملے کی شدید کمی ہے جبکہ آوارہ کتوں کی تعداد عملے سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
دفتر کے باہر کچرا کنڈی جبکہ اندر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر موجود ہیں، جبکہ مرکزی بورڈ میں شارٹ سرکٹ کے آثار بھی دیکھے گئے ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سول ڈیفنس کی خستہ حال اور بوسیدہ عمارت کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ رکھتی ہے جبکہ عمارت پر نصب سول ڈیفنس کے بورڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جو اندرونی بدانتظامی کی واضح تصویر پیش کرتے ہیں۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ڈائریکٹر سول ڈیفنس کے دفتر کو کچن اور اسٹور روم میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، جہاں حفاظتی آلات کچرے کی نذر ہو چکے ہیں۔ حیران کن طور پر پورے دفتر میں آگ بجھانے کے لیے کوئی بھی فائر فائٹنگ آلات نصب نہیں ہیں۔دفتر میں موجود ایک جونیئر کلرک نے انکشاف کیا کہ سول ڈیفنس میں 42 افراد پر مشتمل اسٹاف کی منظوری ہے۔
تاہم عملی طور پر صرف 9 افراد کام کر رہے تھے ، جبکہ افسر کی معطلی کے بعد یہ تعداد مزید کم ہو کر 8 رہ گئی ہے ۔جونیئر کلرک نے کہا کہ لوگوں کو لگانا حکومت کا کام ہے ، ہمارا نہیں۔مزید یہ بھی انکشاف ہوا کہ ایڈیشنل کنٹرولر سول ڈیفنس ضلع جنوبی کے دفتر میں بیٹھنے کی جگہ تک موجود نہیں۔ایک خاتون ایڈیشنل کنٹرولر کو دفتر کے بجائے باہر گراؤنڈ میں کرسی پر بٹھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔رپورٹ کے مطابق جس روز گل پلازہ میں آگ لگی، اس روز ایڈیشنل کنٹرولر اور حتیٰ کہ چپڑاسی تک دفتر میں موجود نہیں تھے ۔سانحہ گل پلازہ کے بعد سامنے آنے والے یہ حقائق سول ڈیفنس جیسے اہم ادارے کی کارکردگی اور تیاریوں پر سنگین سوالات کھڑے کر رہے ہیں، جس کا براہِ راست اثر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ پر پڑتا ہے ۔