صحت کی معیاری سہولیات مفت فراہم کر رہے ہیں، ناصر شاہ

صحت کی معیاری سہولیات مفت فراہم کر رہے ہیں، ناصر شاہ

مہنگی سہولیات کی مفت فراہمی پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک منفرد مثال ہےسرکاری اسپتالوں میں جدید طبی آلات کی فراہمی یقینی بنا ر ہے ہیں،صوبائی وزیر

کراچی (این این آئی)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے عوام کو معیاری اور جدید علاج و معالجے کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کر رہی ہے ، صوبے میں دل کے امراض، کینسر کے علاج، لنگس ٹرانسپلانٹ، بائی پاس سرجری اور انجیو پلاسٹی جیسی مہنگی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک منفرد مثال ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں 55ویں سالانہ میڈیکل سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سمپوزیم میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی، اراکین صوبائی اسمبلی آصف موسیٰ، حیدر عمرانی، سینئر ڈاکٹرز، نامور سرجنز، طبی ماہرین اور ملک بھر سے آئے ہوئے معالجین نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کے صحت سے متعلق منصوبوں سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کے عوام استفادہ حاصل کر رہے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے جدید طبی آلات، ادویات اور تربیت یافتہ عملے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سینئر ڈاکٹرز اور سرجنز کی سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد کے لیے ہر وقت تیار ہے تاکہ صحت کے نظام کو مزید مضبوط، مثر اور عوام دوست بنایا جا سکے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں