کراچی بچاؤ تحریک کا گجر نالاکے متاثرین کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ
کراچی (این این آئی) کراچی بچاؤ تحریک نے گجر نالہ کے متاثرین کے ہمراہ اتوار کو کراچی پریس کلب پر ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ اور مارچ منعقد کیا۔
مارچ کی قیادت کراچی بچاؤ تحریک کے کنوینرخرم علی نیر نے کی۔مارچ میں گجر نالہ کے رہائشیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی نمایاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت سندھ کی پالیسیوں نے تمام خاندانوں کو عدم تحفظ و بے سر و سامانی اور شدید معاشی بحران میں دھکیل دیا ہے ۔یہ احتجاج حکومت سندھ کی جانب سے نالوں کے اطراف جاری اضافی کٹنگز و نئی مسماریوں کی اطلاعات اور متاثرین کو درپیش مسلسل ناانصافیوں کے خلاف منعقد کیا گیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ گجر نالہ کے اطراف کسی بھی قسم کی مزید کٹنگ یا مسماری فوری طور پر روکی جائے ۔ وہ 2000 سے زائد متاثرین جنہیں آج تک کوئی معاوضہ نہیں ملا انہیں فی الفور معاوضہ دیا جائے ۔ متبادل پلاٹس کی فوری الاٹمنٹ کی جائے اور جب تک پلاٹس فراہم نہیں کیے جاتے کرائے کی مد میں باقاعدہ اور مسلسل چیکس جاری کیے جائیں۔