دائرہ دین پناہ شہر کے تمام منی پٹرول پمپ سربمہر
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر میر رومان خلیل نے دائرہ دین پناہ میں عوامی شکایات پر اچانک کارروائی کرتے ہوئے شہر بھر کے تقریباً تمام منی پٹرول پمپ سیل کر دیے ۔
کارروائی کے دوران متعدد پٹرول پمپوں پر پیمانہ کم پایا گیا اور کچھ پر قواعد وضوابط کی سنگین خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے پٹرول پمپ مالکان کو موقع پر ہی سخت وارننگ دی اور واضح کیا کہ صارفین کو مقررہ مقدار سے کم ایندھن فراہم کرنا ناقابل قبول ہے اور عوام کا استحصال کسی صورت نہیں کیا جائے گا۔ کارروائی کے دوران متعلقہ محکموں کی ٹیموں نے پیمائش کے آلات کی جانچ پڑتال کی اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر میر رومان خلیل نے کہا کہ ضلع بھر میں ناجائز منافع خوری اور کم پیمائش کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے آپریشنز مستقل بنیادوں پر کیے جائیں تاکہ آئندہ کسی کو عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کا موقع نہ ملے ۔