سندھ اسمبلی عالمی پارلیمانی کانفرنس کی میزبانی کرے گی

سندھ اسمبلی عالمی پارلیمانی کانفرنس کی میزبانی کرے گی

سال 2012کے بعد منعقد ہونے والی پہلی عالمی پارلیمانی کانفرنس ہے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ہوں گے

کراچی(این این آئی)سندھ اسمبلی 3تا 7فروری 2026 کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (سی پی اے ) ایشیا ریجن کی ساتویں اور سی پی اے ایشیا و جنوب مشرقی ایشیا ریجن کی دوسری مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کی میزبانی کرے گی جو 2012 کے بعد سندھ اسمبلی کی جانب سے منعقد ہونے والی پہلی عالمی پارلیمانی کانفرنس ہے ۔کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے مہمانِ خصوصی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ہوں گے جو افتتاحی تقریب میں کانفرنس کے باضابطہ آغاز کا اعلان کریں گے ۔ افتتاحی تقریب میں اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ خوش آمدیدی کلمات پیش کریں گے ، جبکہ سی پی اے کے چیئرپرسن ڈاکٹر کرسٹوفر کلیلا ایم پی افتتاحی خطاب کریں گے ۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن بھی تقریب سے خطاب کریں گے ۔کانفرنس میں ایشیا و جنوب مشرقی ایشیا کے 17 قانون ساز اداروں سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد ارکانِ پارلیمنٹ، اسپیکرز، ڈپٹی اسپیکرز اور پارلیمانی ماہرین شرکت کریں گے ۔کانفرنس کے دوران امن اور جمہوری اعتماد، پارلیمانی تعلیم، جعلی خبروں، مصنوعی ذہانت اور غلط معلومات، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی قانون سازی، پارلیمانی احتساب، صنف، ٹیکنالوجی اور آن لائن ہراسانی جیسے اہم موضوعات پر پلینری اور بریک آٹ سیشنز منعقد کیے جائیں گے ۔سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر رضا ربانی پلانری سیشن سے خطاب کریں گے ۔موسمیاتی تبدیلی سے متعلق خصوصی سیشن کی نظامت سینیٹر شیری رحمن کریں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں