سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کوتنہا نہیں چھوڑینگے ،خالد مقبول

 سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کوتنہا نہیں چھوڑینگے ،خالد مقبول

تحقیقاتی کمیشن کے قیام،کامل انصاف کی فراہمی تک خاموش نہیں بیٹھیں گے کراچی بچاؤ مہم تیز کرنے ، رمضان میں مستحقین کی بھرپور امداد کی ہدایات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر مرکزی رہنماء سید امین الحق بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں سانحہ گل پلازہ، کراچی بچاؤ مہم اور رمضان المبارک کے دوران خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کے تحت امدادی سرگرمیوں سے متعلق امور اور آئندہ کی جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کوتنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور شفافیت پر مبنی پاکستان کمیشن آف انکوائریز ایکٹ کے تحت تحقیقاتی کمیشن کے قیام اور کامل انصاف کی فراہمی تک ایم کیو ایم خاموش نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کمیشن کا مطالبہ محض سیاسی موقف نہیں بلکہ عوامی امنگوں اور متاثرین کے درد کا حقیقی ترجمان ہے ۔ چیئرمین متحدہ نے کراچی بچاؤ مہم کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم کسی سیاسی مفاد کے تحت نہیں بلکہ خالصتاً عوامی اور فلاحی جدوجہد ہے ، مہم کے ذریعے شہر کے صنعتکاروں،وکلاء ڈاکٹرز اساتذہ کرام صحافیوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو کراچی کے بنیادی مسائل اور تحریک کے مقاصد سے آگاہ کر کے ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔ ڈاکٹر خالد مقبول نے رمضان میں خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کے تحت غریب و نادار افراد شہداء کے لواحقین اور مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم اور مالی امداد کے اقدامات کو فوری طور پر عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں