کوئی بچہ ویکسی نیشن سے محروم نہ رہے ،کمشنر کی ہدایت
پولیو ٹیمیں والدین کے عدم تعاون اور دیگر مشکلات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کریں حسن نقوی کا انسداد پولیومہم کے دوسرے روز ضلع غربی کا دورہ،کارکردگی کاجائزہ
کراچی(اے پی پی)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے انسداد پولیومہم کے دوسرے روز ضلع غربی کا دورہ کیااور کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مقرر ہدف حاصل کرنے کیلئے ضروری ہدایات دیں ۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کے موقع پرڈپٹی کمشنر غربی ذوالفقار میمن ،کو ارڈنیٹر کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس سعود یعقوب ،یو سی ایم او ،پولیو ورکرز اور ایریا انچارجز نے کمشنر کراچی کو بریفنگ دی ۔کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہدف کے حصول کے لیے ضلعی انتظامیہ ای او سی اور محکمہ صحت متحرک ہیں اور مل کر کام کررہے ہیں ۔
مائکرو پلان پر عمل کیا جارہا ہے کوشش کی جارہی ہے کہ پانچ سال تک کے 21لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف ہر ممکنہ طور پر حاصل ہو۔کمشنر کراچی نے پولیو ٹیموں سے براہ راست بریفنگ لی اور ویکسی نیشن کوریج کی تفصیلات اور دشواریوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔کمشنرکراچی نے کہا کہ پولیو ٹیمیں والدین کے عدم تعاون اور دیگر مشکلات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کریں ۔ انہوں نے سوشل موبلائزر ز سے کہا کہ وہ رہ جانے اور انکار کرنے والے بچوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ یقینی بنایا جائے کہ کوئی بچہ ویکسی نیشن سے محروم نہ رہے ۔فیصلہ کیا گیا کہ رہ جانے والے بچوں کی مانیٹرنگ کو موثر بنانے کے لیے پولیو ورکرز کی مسلسل تربیت کی جائے گی ۔اس موقع پرڈی آئی جی غربی عرفان بلوچ بھی موجود تھے ۔