کمشنر سیسی ہادی بخش کی سائٹ عہدیداروں سے ملاقات
اسپتالوں کی گورننس، ڈیجیٹلائزیشن پر تبادلہ خیال ،تعاون کی یقین دہانی سیسی کی ڈیجیٹلائزیشن رواں ماہ مکمل ہوگی،غلام دستگیر فوکل پرسن مقرر
کراچی(سٹی ڈیسک)سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن (سیسی)کے نئے کمشنر ہادی بخش کلہوڑو نے سائٹ کے عہدیداران سے ملاقات میں اسپتالوں کی گورننس، ڈیجیٹلائزیشن، ری ایمبرسمنٹ کیسز اور ادارہ جاتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔یہ اہم اجلاس کلثوم بائی ولیکا سوشل سکیورٹی اسپتال میں بچے کی صحت کے واقعے کے پس منظر میں منعقد ہوا۔ سائٹ ایسوسی ایشن نے اس واقعے کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے فوری طور پر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔اجلاس میں چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ، صدر احمد عظیم علوی، نائب صدر ریاض ڈیڈھی، سابق صدر کامران عربی اور دیگرشریک تھے ۔کمشنر ہادی بخش کلہوڑو نے بتایا کہ وزیر محنت کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطح انکوائری مکمل کی جاچکی ۔کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور متعلقہ ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو تبدیل کردیا گیا ہے اور نوٹسز گورننگ باڈی کے سامنے پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ سروس رولز کے مطابق کارروائی کی جا سکے ۔ مزید برآں تمام سیسی اسپتالوں، سرکلز اور ڈسپنسریوں کے لیے ایس او پیز جاری کردی گئی ہیں ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ادارے کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن فروری 2026 تک مکمل کر لی جائے گی۔ ایسوسی ایشن کی درخواست پر ڈائریکٹر سی اینڈ بی غلام دستگیر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ کمشنر نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ سائٹ ایریا کا اضافی چارج کسی افسر کو نہ دیا جائے ۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ایسوسی ایشن کی ممبرز صنعتوں کے زیر التواء ری ایمبرسمنٹ کیسز کے حل میں براہ راست شامل کیا جائے گا اور فیصلے ایسوسی ایشن کی سفارشات پر تیزی سے نمٹائے جائیں گے ۔