کشمیر سے پاکستان کا رشتہ 70سالہ جدوجہد پرقائم، ہائیکورٹ بار

کشمیر سے پاکستان کا رشتہ 70سالہ جدوجہد پرقائم، ہائیکورٹ بار

کوئی طاقت کمزور نہیں کرسکتی، کشمیریوں پرجبر انسانی تاریخ کا سیاہ باب، رہنماکسی قوم کو ایسے غلام نہیں بنایا جا سکتا، وفد کی مزار قائد پر حاضری، فاتحہ خوانی کی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر حسیب جمالی، جنرل سیکرٹری فریدہ منگریو، چیئرمین میڈیا کمیٹی فرید بلوانی اور دیگر اراکین نے مزارِ قائد پر حاضری دی، اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صدر حسیب جمالی نے کہا کہ کشمیر سے پاکستان کا رشتہ وقتی نہیں بلکہ 70 سالہ جدوجہد، قربانیوں اور نظریاتی وابستگی پر قائم ہے جسے کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیری عوام پر جاری بدترین ظلم و جبر انسانی تاریخ کا سیاہ باب ہے ۔ جنرل سیکرٹری فریدہ منگریو نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پرغاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ، ریاستی دہشت گردی سے کشمیریوں کی آواز دبانے کی ناکام کوشش کررہا ہے ۔ نائب صدر، ایڈیشنل جوائنٹ سیکریٹری، فنانس سیکریٹری ودیگراراکین منیجنگ کمیٹی نے واضح کیاکہ ظلم، تشدد اور جبر سے کسی قوم کو غلام نہیں بنایا جا سکتا۔ چیئرمین میڈیا کمیٹی فرید بلوانی نے کہا کہ 8 اگست 2019 کے بعد کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کی مذموم سازش کی جارہی ہے ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں معمول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ رائے شماری ہے ، لیکن بھارت فسطائیت کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔ اس موقع پر سندھ کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اراکین نے عالمی برادری کو متنبہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں