مسئلہ کشمیر محض علاقائی تنازع نہیں دیرینہ انسانی مسئلہ ہے ، سعید غنی
کراچی (این این آئی)وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے ۔۔
کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات کی روشنی میں کشمیری عوام کی آزادی تک ان کی جدو جہد کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی۔ یوم کشمیر پر جاری اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ ایک دیرینہ انسانی مسئلہ ہے ، جس پر کشمیری عوام کئی دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مظلوم اقوام کی حمایت کی ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدو جہد میں انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے ۔