ہالانی میں ٹرالر کے موٹر سائیکل کچلنے سے 4افراد جاں بحق
2خواتین اور ایک بچہ شامل، قومی شاہراہ کے مرمتی کام کے باعث حادثہکشمور میں کار کے حادثے میں ایک ہلاک، محراب پور میں درویش کچلا گیا
پڈعیدن، اندرون سندھ(نمائندگان)قومی شاہراہ ہالانی کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل کچل دی، جس سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ،جبکہ کشمور اور محراب پور میں بھی 2 اموات ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محراب پور کے قریب قومی شاہراہ ہالانی پرتیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار دو خواتین بچے سمیت چار افراد کو کچل ڈالا، افسوسناک حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرالر چھوڑ کر موقع فرار ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ٹیم نے پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا، جہاں متوفی خاندان کی شناخت 58سالہ مسمات ماروی،زوجہ محمد ابراہیم ، 24سالہ مسمات ساجدہ زوجہ محمد ساجد 23 سالہ محمد عرفان اور چار سالہ محمد مدنی ولد محمد ساجد کے ناموں سے ہوئی، لقمہ اجل بننے والا خاندان سوبھوڈیرو گاؤں کا رہائشی بتایا تھا۔
پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کے سست روی سے مرمتی کام کے باعث حادثہ پیش آیا، پہلے بھی کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ ادھر کشمور میں ڈیرہ موڑ کے مقام پر تیز رفتار کار کمپیوٹرائزڈ کانٹے کی دیوار سے ٹکرا گئی جس سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ محراب پور میں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے کوچ رابطہ سڑکوں شہرسے گزرنے لگیں ، کنڈیارو میں کوچ سے کچل کر درویش جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ لاش اسپتال منتقل کر دی گئی۔ بھریا سٹی کا رہائشی اصغر وسطڑو حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔ جھڈو حادثات میں بھی غلام رسول، منو ولد بھٹو بجیر شدید زخمی ہوگئے۔