لاڑکانہ:پولیس کے ساتھ مقابلوں میں 2زخمی ڈاکو گرفتار
کیٹی ممتاز کے کچے سے گرفتار روپوش ملزم فرحان کئی مقدمات میں مطلوبمجرم پہلے بھی جیل جاچکا، علی گوہر کے علاقے سے دوسرا ملزم پکڑا، پولیس
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)لاڑکانہ پولیس نے دو الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، اس حوالے سے ایس ایس پی احمد فیصل چودھری نے بتایا کہ کیٹی ممتاز کے کچے تھانہ علی گوہر آباد کی حدود پیر شیر روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہوا، جہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس نے 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں پستول سمیت گرفتار کرلیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ کیٹی ممتاز تھانے کی حدود سے گرفتار ڈاکو کی شناخت فرحان ولد ممتاز ویسر رہائشی رتوڈیرو کے طور پر ہوئی ہے ، ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ ڈاکو حالیہ ہونے والی وارداتوں میں ملوث اور روپوش تھا۔
جس کا ضلع کشمور، شہید بینظیر آباد (نوابشاہ) اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع کے اندر 2016 سے کرمنل ریکارڈ موجود ہے ، اب تک کے حاصل کردہ کرمنل ریکارڈ کے مطابق مذکورہ ڈاکو 2 درجن سے زائد مقدمات میں ملوث و عادی مجرم ہے اور اس سے پہلے بھی جیل جا چکا ہے ، ایس ایس پی لاڑکانہ نے بتایا کہ علی گوہر تھانے کی حدود سے گرفتار ڈاکو کی شناخت عقیل جتوئی کے نام سے ہوئی ہے ، جس کا کرمنل ریکارڈ چیک کرنے سمیت مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ مقابلے کے دوران فرار ہونے والے 4 ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔