آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کی حکمت عملی
ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ اور عوامی تحفظ یقینی بنایا جائے گا،چیف سیکریٹریایمرجنسی اور ڈیزاسٹر رسپانس میکنزم مضبوط بنانے کے مجوزہ فریم ورک کا جائزہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت صوبے بھر میں آفات، ریسکیو اور ایمرجنسی ردِعمل کے نظام کو مؤثر، مربوط اور فعال بنانے کے لیے ان خدمات کی جامع تنظیمِ نو پر غور کر رہی ہے ، جس کا مقصد ایک متحد، مضبوط اور فوری ردِعمل دینے والا ادارہ جاتی فریم ورک قائم کرنا ہے ۔ اس سلسلے میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ میں موجود ایمرجنسی اور ڈیزاسٹر رسپانس میکنزم کو یکجا اور مضبوط بنانے کے مجوزہ فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد علی، سیکریٹری بحالی بلال احمد میمن، سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگی، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبے میں موجود ایمرجنسی اور ڈیزاسٹر رسپانس سروسز کے موجودہ ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف سیکریٹری نے اس موقع پر کہا کہ مجوزہ تنظیمِ نو کا بنیادی مقصد فوری فیصلوں کو یقینی بنانا، متحد کمانڈ اسٹرکچر قائم کرنا اور تمام ایمرجنسی رسپانس اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی پیدا کرنا ہے ۔ مجوزہ فریم ورک کے تحت آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری پر مبنی حکمتِ عملی اپنائی جائے گی، ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا اور بہتر تیاری، انسداد، ردِعمل اور بحالی کے اقدامات کے ذریعے عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔