گل پلازہ متاثرین کو 2 سے 3 ہفتے میں رقم دی جائے گی : وزیراعلیٰ

 گل پلازہ متاثرین کو 2 سے 3 ہفتے میں رقم دی جائے گی : وزیراعلیٰ

جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے دیے جا رہے ہیں،دکانوں سے متعلق کراچی چیمبر سے ملکر فہرستیں تیار کر لیںحکومت کا ہدف دو سال میں گل پلازہ کی تعمیر مکمل کرنا ہے ، مراد علی شاہ،ایکسپو سینٹر میں تین روزہ 21 ویں مائی کراچی نمائش کا افتتاح

کراچی(آئی این پی )وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ متاثرین کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ 2 سے 3 ہفتے میں متاثرین کو پیسے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار چلا سکیں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس شہر کو سانحات سے بچانے کے لئے عوام کے تعاون کی اشد ضرورت ہے ، سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے ۔ گل پلازہ میں موجود دکانوں سے متعلق کراچی چیمبر کے ساتھ مل کر فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت ایکسپو سینٹر میں تین روزہ 21 ویں مائی کراچی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

نمائش میں 300 سے زائد پاکستانی کمپنیوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔افتتاحی تقریب میں وزیر صنعت جام اکرام، معروف بزنس مین عارف حبیب، زبیرموتی والا سمیت دیگر صنعت کاروں اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ متاثرہ دکانداروں کی وقتی طور پر گھر چلانے کے لیے بھی مالی مدد کی جا رہی ہے ، دو سے تین ہفتوں میں متاثرین کو رقم فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ کچھ مخیر افراد ایک سال کے لیے مفت دکانیں دینے پر بھی تیار ہیں اور حکومت ان دکانوں کا جائزہ لے چکی ہے ، یہ عمل ایک سے ڈیڑھ ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ دو ماہ کے اندر گل پلازہ کے متاثرین کو دکانیں اور کاروبار کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا ہدف دو سال میں گل پلازہ کی تعمیر مکمل کرنا ہے ، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ مشکل وقت میں متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جا سکے ۔۔مراد علی شاہ نے کہا کہ قانون ہے کہ ہر سال عمارت میں جاکر اسکا فائر آڈٹ کیا جائے ، فائر آڈٹ سول ڈیفنس کرتا ہے جو محکمہ داخلہ کے کنٹرول میں ہے ، محکمہ داخلہ کے پاس امن و امان سمیت دیگر ذمہ داری ہے ، ہر عمارت کو سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ جائزہ لیکر رپورٹ کررہے ہیں۔ فائر بریگیڈ پر رقم خرچ کی جائے تو صورت حال بہتر ہوسکتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں