تین روزہ 17 ویں کراچی ادبی میلے کا آغاز
گل پلازہ اور اسلام آباد دھماکے کے شہدا کیلئے ایک منٹ کی خاموشی عالمی غیر یقینی حالات میں ادب استحکام اور انسانیت کا ذریعہ ہے ،وزیراعلیٰ
کراچی(آئی این پی)شہر قائد میں تین روزہ 17 واں کراچی لٹریچر فیسٹیول کا آغاز ہو گیا۔فیسٹیول کا افتتاح وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کیا، سانحہ گل پلازہ اور اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے میں شہدا کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔افتتاحی تقریب میں سینیٹر شیری رحمان، برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم اور قونصل جنرل فرانس و دیگر کی شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ کراچی لٹریچر فیسٹیول کا تسلسل وژن اور عزم کا ثبوت ہے ۔ عالمی غیر یقینی حالات میں ادب استحکام اور انسانیت کا ذریعہ ہے ، ادب یادداشت محفوظ کرنے ، انسانی ہمدردی اور غور و فکر کو فروغ دیتا ہے۔ ادب سرحدوں سے ماورا ہو کر انسانوں کو جوڑتا ہے ۔فیسٹیول میں کل 30 سے زائد سیشن ہوں گے ، فیسٹیول کے پہلے دن مجموعی طور پر پانچ سیشن ہوں گے ، سندھی مشاعرے میں نظامت نصیر مرزا کریں گے۔
پہلے دن کے شیڈول میں جناح فلم کی سکریننگ بھی شامل ہے ، باقی سیشنز میں مختلف کتابوں کی رونمائی، اردو مشاعرہ، ڈرامے اور دیگر موضوعات پر نشستیں شامل ہوں گی۔ تیسرے دن نصیر اعجاز کے ترجمہ کردہ کتاب ’’دوسرے دن‘‘ کی رونمائی ہوگی ۔’’کراچی کچہری: عوام اور پولیس‘‘کے عنوان سے سیشن میں مظہر عباس اور ڈی آئی جی شرجیل کھرل مقررین میں شامل ہوں گے ۔\\\"یہ بستی ہے لیاری\\\" کے عنوان سے بھی ایک سیشن منعقد ہوگا، اسی طرح نوجوانوں کے حوالے سے بھی مختلف سیشن ہوں گے ۔8 فروری کو تعلیم، ثقافت، لیاری اور کراچی کے موضوعات پر سیشن ہوں گے۔