میرپور خاص:ون وھیلنگ کرتے ہوئے نوجوان جان گنوا بیٹھا
شہر میں ون وھیلنگ، تیز رفتار ریسوں کاجان لیوا کھیل جاری، پولیس کارکردگی سوالیہحیدر آباد شاہراہ پرتیز رفتار موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں، زوار بروہی چل بسا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپور خاص میں حیدرآباد روڈ پر ون وھیلنگ اور موٹر سائیکل ریسنگ کا خطرناک رجحان طویل عرصے سے جاری ہے ، حالیہ واقعہ ایک نجی ریسٹورنٹ کے سامنے پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے دوران دو موٹر سائیکلیں باہم ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں زوار بروہی نامی نوجوان موقع پر ہی جاں بحق اور دیگر 3 نوجوان سلمان، اسد اور عدیل شدید زخمی ہو گئے ۔ اطلاع پرریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا، جہاں مقامی تھانے کی پولیس بھی پہنچ گئی اور قانونی کارروائی شروع کی گئی۔ یاد رہے کہ شہر کی مرکزی شاہراہ، ٹول پلازہ سے ریلوے پھاٹک تک کے علاقے میں آئے روز موٹر سائیکل ریسنگ اور ون وھیلنگ کی جاتی ہے ، جس کے باعث اب تک متعدد نوجوان اپنی جانیں گنوا اور متعدد مستقل معذوری کا شکار ہو چکے ہیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس اس حوالے سے سنجیدہ، مؤثر اور مسلسل کارروائی عمل میں لائے تو اس جان لیوا کھیل پر قابو پایا جا سکتا ہے ، شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب موٹر سائیکلوں کے ساتھ ساتھ کاروں میں بھی خطرناک ریسنگ کا آغاز ہو چکا ہے ، رات کے اوقات میں نوجوان زگ زیگ ڈرائیونگ، حد سے زیادہ رفتار اور بڑے سائلنسر لگی گاڑیوں کے ذریعے ریس لگاتے ہیں، جس کے باعث روزانہ حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موٹر سائیکل اور کار ریسنگ کے اس جان لیوا کھیل کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔