کنڈیارو:ریلوے اراضی خالی کرانے یالیز پردینے ٹیم پہنچ گئی
اطلاع پرعلاقہ مکین، دکاندار جمع، ممکنہ کارروائی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایابغیر کسی پیشگی نوٹس زمین خالی کرانے یا لیز پر دینے کی کوشش قبول نہیں، رہنما
کنڈیارو (نمائندہ دنیا)کنڈیارو میں ریلوے کی سرکاری زمین پر قائم دکانوں اور مکانات کو لیز پر دینے یا خالی کرانے کے لیے ریلوے حکام سکھر کی ٹیم ریلوے سکھر کے افسر جہانزیب خان کی نگرانی میں بھاری پولیس نفری کے ہمراہ کنڈیارو پہنچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی دکانداروں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور ممکنہ کارروائی کے خلاف شدید احتجاج شروع کر دیا۔ ریاض ملاح، سعید گوپانگ، اسد سہتو اور مہران کھوسو سمیت دیگر مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بغیر کسی پیشگی نوٹس یا مصدقہ تحریری حکم نامے کے زمین لیز پر لینے یا خالی کرانے کی کوشش کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ پڈعیدن سے محراب پور تک جانے والی فیڈر ٹرین گزشتہ کئی برسوں سے بند ہے ،تب سے کنڈیارو میں بھی ریلوے اسٹیشن بند اور زمین خالی پڑی تھی۔
ایسی صورتحال کے بعد اپنے مکانوں اور کاروبار سے محروم مقامی افراد نے ریلوے ٹریک اور اس کے اطراف خالی پڑی زمین پر دکانیں اور مکانات تعمیر کیے ہیں اور وہ طویل عرصے سے یہاں کاروبار اور رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔ شدید عوامی احتجاج اور ممکنہ ناخوشگوار صورتحال کے پیشِ نظر ریلوے حکام پولیس کے ہمراہ بغیر کسی کارروائی کے لوٹ گئے ۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال تو معمول پر آ گئی، تاہم شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے حکام کسی بھی کارروائی سے قبل قانونی طریقہ کار کے تحت تحریری نوٹس جاری کریں اور لیز یا متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔