معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں میں تسلسل ضروری ، ماہرین
اقتصادی مسائل صرف حکمت عملی کی سطح پر حل نہیں ہوسکتے ، محمد علی اسٹرکچر اصلاحات کرنا ہوں گی،وزیرمملکت نجکاری ودیگر کاادبی میلے سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر، این این آئی) 17ویں کراچی لٹریچر فیسٹیول (کے ایل ایف) 2026 کے دوسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے نجکاری محمد علی نے کہا کہ اقتصادی مسائل کو صرف حکمت عملی کی سطح پر حل نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اسٹرکچر اصلاحات کرنا ہوں گی۔ جب تک معیشت کو دستاویزی نہیں کیا جاتا ترقی ممکن نہیں۔ ٹیکس سسٹم اس وقت تک ٹھیک نہیں ہو سکتا جب تک اسے دستاویزی نہیں کیاجاتا۔ کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں۔ بجلی اور گیس مہنگی ہونی کی ایک بڑی وجہ اس میں حکومت کی موجودگی ہے ۔برآمدات میں اضافہ، خواتین کی ورک فورس میں شمولیت، چھوٹیصوبوں کا قیا م اور مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
سابق وزیر برائے سرمایہ کاری اظفر احسن نے کہا کہ \"بطور قوم ہمیں سچ بولنے اور اپنے ساتھ ایماندارہونے کی ضرورت ہے ۔ معاشی ترقی کے لیے پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے ۔سابق وزیر خزانہ اسد عمرنے کہا کہ پاکستان میں غیر یقینی کی صورتحال ہے اور غیر یقینی صورتحال میں معیشت ترقی نہیں کرسکتی ۔ نجکاری سے زیادہ اہم ہر شعبہ میں حکومت کے اثر و رسوخ کو کم کرنا ہے ۔ سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ ہر سال دس ارب ڈالر کی فوڈ امپورٹ ہوتی ہے جسے کاشتکاروں کو سہولت فراہم کرکے کم کیا جاسکتا ہے ۔