پرانا گولیمار میں آپریشن،4بھتہ خور گرفتار،اسلحہ برآمد

پرانا گولیمار میں آپریشن،4بھتہ خور گرفتار،اسلحہ برآمد

ملزمان نجی بلڈرز اور دیگر کاروباری افراد کی معلومات سرغنہ کو فراہم کرتے ہوائی فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے میں بھی ملوث ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر پرانا گولیمار میں بھتہ خوروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کے دوران ملزمان کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی،ترجمان رینجرز کے مطابق جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4 ملزمان راشد عرف چاچو اور عبدالحق عرف ڈاکٹر کو زخمی حالت میں جبکہ ولید عرف ڈاڈا اور معز عرف الرٹ بچہ کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمان راشد عرف چاچو اور عبدالحق عرف ڈاکٹر کا تعلق بھتہ مافیا سے منسلک جمیل چھانگا اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے ہے۔

ملزم ولید عرف ڈاڈا کا تعلق لیاری کے منشیات فروش گروہ سے ہے جو بھتہ مافیا ریاض عرف شینا اور زاہد لاڈلا گروپ کے ساتھ منسلک ہے جبکہ ملزم معز عرف الرٹ بچہ کا تعلق لیاری گینگسٹر ارشد پپو گروپ سے ہے ۔ گرفتار ملزمان نجی بلڈرز اور دیگر کاروباری افراد کی معلومات بھتہ مافیا کے سرغنہ کو فراہم کرتے تھے جو بعدازاں دھمکیاں دے کر بھتہ وصول کرتے تھے ۔گرفتار ملزمان بھتہ نہ ملنے پر ہوائی فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے میں بھی ملوث ہیں۔گر فتار ملزمان راشد عرف چاچو اور عبدالحق عرف ڈاکٹر عادی مجرم ہیں اور اس سے پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔گرفتار ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ اور منشیات مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں