ضلع ملیر میں ہزار لٹر مضرِ صحت دودھ تلف کر دیا گیا
سندھ فوڈ اتھارٹی کی شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی،ڈرائیورسمیت 2گرفتارقانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ،وزیرخوراک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ فوڈ اتھارٹی نے عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع ملیر میں کیمیکل سے تیار دودھ کے خلاف بڑی اور موثر کارروائی انجام دی۔ یہ کارروائی شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں کی گئی جہاں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کیمیکل سے تیار دودھ سے بھری ایک گاڑی کو تحویل میں لے لیا، جبکہ ڈرائیور سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران تقریباً ایک ہزار لٹر مضرِ صحت دودھ کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ ضبط شدہ دودھ انسانی صحت کے لیے نہایت خطرناک تھا اور اس طرح کی ملاوٹ عوام کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے ، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر خوراک نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت سندھ اور سندھ فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے ، جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ مخدوم محبوب الزمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک اور غیر معیاری خوراک کی فروخت یا تیاری کی اطلاع فوری طور پر سندھ فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کر کے انسانی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے ۔