سہراب گوٹھ : تیز رفتار ڈمپرنے 2 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا
شہریوں کے گھیرنے پر ڈرائیور ڈمپر سائیڈ پر چھوڑ کر فرار ،سپرہائی وے پر42سالہ نجی بینک کامنیجر حادثے کی نذر کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 70سالہ خاتون جاں بحق،کوئی ملزم گرفتار نہیں کیاجاسکا
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) ہیوی ٹریفک سے شہریوں کی جانوں کے ضیاع کا سلسلہ تھم نہ سکا،سہراب گوٹھ میں تیز رفتار ڈمپر نے 2 شہریوں کی جان لے لی،ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ پر تیز رفتار ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوئے ، حادثہ الآصف اسکوائر بس اڈے کے قریب پیش آیا۔شہریوں کے گھیرنے پر ڈرائیور ڈمپر سائیڈ پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ علاوہ ازیں پیر کی صبح گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے سپر ہائی وے بقائی پل چشتیہ ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کیلئے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
متوفی کی شناخت 42 سالہ رمیزاختر حسین ولد اختر حسین کے نام سے کی گئی متوفی شخص مکان نمبر آر باسٹھ سیکٹر زیڈ 6 گلشن معمار کا رہائشی اورملیر کینٹ کے قریب واقع نجی بینک کا منیجرتھا۔ایس ایچ او گڈاپ سٹی سرفراز جتوئی کے مطابق متوفی شخص کو نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری تھی، موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو رمیز اختر سڑک پر گر گیا اسی دوران عقب سے آتی دوسری گاڑی نے رمیز اختر کو کچل دیا۔حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے ، پولیس کے مطابق حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اورعینی شاہدین کے بیان حاصل کر رہے ہیں، حادثے کے ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے۔
ادھر کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی اٹک پمپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہ گیر ضعیف خاتون جاں بحق ہوگئی جن کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفیہ خاتون کی شناخت 70 سالہ عائشہ زوجہ سرفراز کے نام سے کی گئی۔ ایس ایچ او ناصرمحمود کے مطابق متوفیہ خاتون نشے کی عادی تھی اورسڑک کنارے فٹ پاتھ پر سورہی تھی کہ تیز رفتار نامعلوم گاڑی خاتون پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے ۔