شناختی تصدیق کیلئے نیا آن لائن ویری فکیشن نظام متعارف

شناختی تصدیق کیلئے نیا آن لائن ویری فکیشن نظام متعارف

بینکوں، ٹیلی کام کمپنیوں اور دیگر مالیاتی اداروں کو بڑی سہولت ملے گینشانِ پاکستان کے نفاذ سے آن بورڈنگ کا عمل تیز ہوگا، نادرا حکام

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی تصدیق کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ’’نشانِ پاکستان‘‘ کے نام سے ایک نیا آن لائن ویری فکیشن کا نظام متعارف کرا دیا ہے ۔اس سہولت کے ذریعے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ ریگولیٹڈ نجی شعبہ بھی مستند اور محفوظ ویری فکیشن خدمات حاصل کرسکے گا۔نئے نظام کے تحت رجسٹریشن، سبسکرپشن اور رسائی سے متعلق تمام مراحل ایک ہی ویب پورٹل پر مکمل کیے جا سکیں گے ۔اس اقدام سے خاص طور پر بینکوں، ٹیلی کام کمپنیوں اور دیگر مالیاتی اداروں کو بڑی سہولت ملے گی۔

کیونکہ اب انہیں طویل کاغذی کارروائی اور بار بار منظوری کے مراحل سے نہیں گزرنا پڑے گا۔یہ پیش رفت حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ کا حصہ ہے ، جس کا مقصد قومی سطح پر ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانا اور خدمات کی فراہمی کو تیز تر بنانا ہے ۔نادرا حکام کے مطابق نیا پلیٹ فارم نہ صرف ویری فکیشن کے عمل کو مکمل ڈیجیٹل بنائے گا بلکہ اسے زیادہ محفوظ اور شفاف بھی بنائے گا۔’’نشانِ پاکستان‘‘ کے نفاذ سے آن بورڈنگ کا عمل تیز ہوگا، قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری ممکن ہوگی اور ڈیٹا کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا جاسکے گا۔ اس کے نتیجے میں شہریوں کا اعتماد بڑھے گا اور ملک میں ڈیجیٹل معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں